کراچی : سپریم کورٹ کے احکامات پر نسلہ ٹاورکو مکینوں نے خالی کردیا تاہم ضلع انتظامیہ کی جانب سے کثیرالمنزلہ عمارت کو سیل نہ کیا جاسکا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر نسلہ ٹاور کو خالی کردیا گیا ، نسلہ ٹاور95فیصد خالی ہوچکا ہے تاہم بیرون ملک مقیم کچھ خاندانوں کا سامان تا حال فلیٹوں میں موجود ہے، ان فلیٹوں کو بھی ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی خالی کرالیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عمارت سیل کے حوالے سے دی جانیوالی ڈیڈ لائن پر عملدرآمد نہ ہوسکا، ضلع انتظامیہ نے نہ تو کثیر المنزلہ عمارت کو سیل کیا اور نہ ہی اس کو توڑنے کے حوالے سے کمیٹی نے کوئی حکمت عملی تیار کی۔
کنٹرول بلاسٹنگ کے ذریعے عمارت کو گرانے کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع کے مطابق کسی بھی کمپنی نے کنٹرول بلاسٹنگ کے ذریعے عمارت گرانے کیلئے کوئی پیشکش نہیں کی، تمام کمپنیوں نے مینوئل طریقے سے عمارت کو توڑنے کے ٹینڈر جمع کرائے ہیں۔
یاد رہے کمشنرکراچی اقبال میمن نے نسلہ ٹاورکومسمارکرنےسےمتعلق کمیٹی قائم کی تھی ، کمیٹی تمام پروپوزلز کو جانچ کر سب سے مناسب فرم کی سفارش کرے گی اور نسلہ ٹاورکومسمارکرنے سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی بنائے گی۔