کراچی : بنارس پُل پر شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی چند روز بعد شادی طے تھی۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس فلائی اوور پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک اور شہری کو قتل کردیا، مقتول کے گھر میں اس کی شادی کی تیاریاں جاری تھی۔
لواحقین نے بتایا کہ35 سالہ جمال خان کو نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھینتے ہوئے قتل کیا گیا، مقتول اپنی نئی موٹر سائیکل پر دوست کے ہمراہ گھومنے نکلا تھا۔
ڈاکو مقتول کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھین کر لے گئے اور اپنی موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر ہی اپنی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول جمال میٹرو ول سائٹ بلاک فائیو کا رہائشی تھا۔ مقتول جمال کی دو ہفتے بعد شادی تھی، گھر میں شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں، مقتول کا آبائی تعلق سوات سے ہے، جو پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت31سالہ ارشاد کے نام سےہوئی ہے، جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل 9 دسمبر کو بہادرآباد میں ایک شخص کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے یا ٹارگٹ کلنگ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق دھوراجی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عدنان عباسی نامی شہری کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔