کراچی : شہر قائد کا ایک اور نوجوان ڈکیتوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر موسیٰ کے سینے میں گولی مار دی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں ڈکیتی میں مزاحمت پر 20 سالہ نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔
واقعہ عبداللہ شاہ غازی گوٹھ بلاک جی کچا پکا روڈ کے قریب پیش آیا، ڈاکو نوجوان سے موبائل یا پرس چھیننے میں کامیاب تو نہیں ہوسکے لیکن اس کی جان لے لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 20 سالہ نوجوان موسیٰ موبائل فون چھیننے پر مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو سے گتھم گتھا ہوگیا تھا، اس دوران ڈاکوؤں نے اس کے سینے پر گولی ماری اور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق موسیٰ جائے وقوعہ پر جان کی بازی ہار گیا، مزید کارروائی کیلیے نوجوان کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ہے۔