کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، کورنگی نمبر ڈھائی کے علاقے میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے محنت کش نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق ڈکیتی کی یہ واردات کورنگی وائی ایریا میں ہوئی، واردات کے بعد 3 مسلح ملزمان فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ نوجوان نے تعاقب کرکے ایک ڈاکو کو پکڑلیا۔
پولیس کے مطابق 3ڈاکوؤں نے گلی میں بیٹھے نوجوانوں سے موبائل فون اور رقم چھینی، ملزمان نے جیسے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تو سعد اللہ ملک ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کے پیچھے بھاگا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول شہری نے ڈاکو کو چلتی موٹر سائیکل پر دبوچ کر زمین پر گرا دیا۔
اس دوران ڈاکو بھی اپنا اسلحہ لوڈ کرنے میں لگا رہا اور پستول لوڈ ہوتے ہی ڈاکو نے اندھادھند فائرنگ کردی اور گولی سعداللہ کے پیٹ میں جا لگی۔
شہری ڈاکو سے لڑتے ہوئے سڑک پر گرا اور جاں بحق ہوگیا ملزم فائرنگ کرکے فرار ہوگیا، علاقہ مکینوں نے فرار ہوتے ہوئے ڈاکو کو تھوڑے فاصلے پر جا کر پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بناکر پولیس کے حوالےکردیا۔
پولیس کے مطابق سعدا للہ ملک نے موقع پر ہی جان دے دی، مقتول کورنگی وائی ایریا کا رہائشی تھا، کچھ عرصہ قبل فیکٹری سے ملازمت چھوڑ دی تھی، مقتول کے لواحقین نے بتایا کہ سعداللہ اپنے دوست اور بھائی کے ساتھ گھر کے قریب بیٹھا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والا سعد اللہ ملک ایک بیٹے کا باپ تھا اور بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، مقتول کا آبائی تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔
بعد ازاں اطراف میں موجود شہریوں نے ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناکر پولیس کے حوالے کردیا، گرفتار ڈاکو کے قبضے سے30 بور کا پستول برآمد ہوا ہے۔
زخمی ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، فرار ہونے والے دیگر دو ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے، جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق دوران ڈکیتی نوجوان کو قتل کرنے والے ملزم کی شناخت سبحان کے نام سے ہوئی ہے اس کا پرانا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سبحان کیخلاف گزشتہ برس غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج ہوچکا ہے۔