منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سندھ اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرار داد جمع

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرار داد جمع کردی گئی ، جس میں گستا خانہ خاکے بنانے والوں کے خلاف عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے بعد سندھ اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرار داد جمع کردی گئی، قرارداد ایم کیو ایم کے محمد حسین اور دیگر اراکین نے جمع کرائی۔

قرارداد میں گستاخانہ خاکے بنانے والوں کے خلاف عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا گستاخانہ خاکے عالمی بھائی چارے کے خلاف سازش ہیں۔

گذشتہ روز پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) نے توہین آمیز خاکوں کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کی تھی۔

مزید پڑھیں : توہین آمیز خاکوں کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرار داد منظور

قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مسلمان اپنے پیغمبر کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے، توہین آمیز خاکوں کا مقابلہ ناقابل برداشت عمل ہے۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ حکومت اس مسئلے کو سفارتی سطح پر اٹھائے، معاملے پر ہالینڈ کی حکومت سے بھرپور احتجاج کیا جائے، توہین آمیز خاکوں کا معاملہ یورپی یونین، امریکا سے بھی اٹھایا جائے۔

سینیٹ اجلاس میں توہین آمیزخاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد کی منظوری کے بعد وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی منظور کردہ قرارداد اقوام متحدہ میں پیش کریں گے، آزادی اظہار کے نام پراس قسم کی حرکتوں سے مسلم امہ کو تکلیف پہنچتی ہے. یورپ میں بہت کم افراد کوعلم ہے کہ ایسے خاکوں سے ہمیں کیا صدمہ پہنچتا ہے۔

مزید پڑھیں : توہین آمیز خاکے: وزیراعظم کا او آئی سی کو متحرک کرنے اور اقوام متحدہ میں آواز اٹھانے کا اعلان

انھوں نے کہا کہ توہین آمیز خاکوں کے خلاف اوآئی سی کومتحد کریں گے، اوآئی سی کےذریعے ایک واضح پیغام عالمی سطح پرپہنچایا جائے۔

اس سے قبل ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے معاملے پر دفتر خارجہ نے نیدر لینڈز کے قائم مقام سفیر کو طلب کرکے اسلام مخالف مہم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے اسلام کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں