اشتہار

سندھ اسمبلی میں نیب کے خلاف قرارداد منظور

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شرجیل میمن کی گرفتاری پر سندھ اسمبلی میں نیب کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ قرارداد عدالت کے خلاف نہیں نیب کے دہرے معیار پر ہے۔ قرارداد میں کہیں بھی مقدمہ ختم کرنے کی بات نہیں کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن بکتر بند گاڑی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تو اسمبلی میں غم و غصے کا طوفان کھڑا ہوگیا۔

قرارداد کے متن میں نیب کی جانب سے شرجیل میمن کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ نیب ملک بھر میں یکساں پالیسی اختیار کرے۔ نیب کا کسی ایک شخص کے لیے مختلف قانون نہیں ہونا چاہیئے۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: شرجیل میمن 11 ساتھیوں سمیت گرفتار

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کی قرارداد کسی عدالتی فیصلے کے خلاف نہیں ہے۔ ہمیں عدالتوں پر پورا اعتماد ہے اور یہ قرارداد میں بھی لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب عدالت نہیں ایک ادارہ ہے۔ قرارداد میں کہیں نہیں لکھا کہ ہمیں عدالت پر اعتراض ہے۔ عدالت سے متعلق کچھ نہیں کہا۔ ہم نے صرف اتنا کہا ہے کہ نیب کا دہرا معیار ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن سندھ اسمبلی میں عوامی نمائندے ہیں جن کی تذلیل برداشت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن عدالت میں پیش ہوئے، اور ضمانت مسترد ہونے کے بعد فرار نہیں ہوئے۔ انہوں نے ہر فورم پر خود کو پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ سے درخواست ہے کہ احاطہ عدالت میں گرفتاری پر ایکشن لیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کس نے کتنے اورکون سے ٹھیکے لیے اب میں انکوائری کرواؤں گا، مجھے روکا گیا تھا لیکن اب میں انکوائریاں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ حقائق سامنے رکھیں، ایک ادارے کے دہرے معیار پر بات ہو رہی ہے۔ شرجیل میمن کو نہ چھوڑیں لیکن نیب کی نا انصافی کا نوٹس لیں۔ نیب کوخبردار کرتا ہوں کہ ارکان کا استحقاق مجروح نہیں ہونے دوں گا۔ وفاقی حکومت بھی اپنا رویہ درست کرے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں کرپشن کیس میں نامزد شرجیل میمن سمیت 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توثیق کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد نیب حکام نے احاطہ عدالت سے شرجیل میمن کو گرفتار کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں: کرپشن کیسز میں گرفتار شرجیل میمن کی سندھ اسمبلی آمد

اگلے روز کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سابق صوبائی وزیر کو 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر 4 نومبر تک جیل بھجوا دیا تھا تاہم سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے شرجیل میمن کو اجلاس میں شرکت کے لیے اسمبلی لانے کے لیے خط لکھا گیا جس کے بعد آج شرجیل میمن کو بکتر بند گاڑی میں اسمبلی لایا گیا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں