اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

سندھ اسمبلی میں وزیر اعظم کے استعفے کی قرارداد منظور

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ اسمبلی میں وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم کے استعفے سے متعلق 2 قراردادیں پیش کی گئیں جن میں سے ایک پیپلز پارٹی اور دوسری پاکستان تحریک انصاف نے پیش کی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے قرارداد رکن اسمبلی خیر النسا مغل نے پیش کی۔ قرارداد پیش ہونے کے بعد مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ فنکشنل کے ارکان نے اجلاس سے واک آؤٹ کرلیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سعید غنی کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد نواز شریف کو ملک کے وزیر اعظم کے عہدے پر براجمان نہیں رہنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ محترم نواز شریف ملک کی عزت بچانے کے لیے عہدہ چھوڑ دیں۔

مزید پڑھیں : جےآئی ٹی کی شریف خاندان کے خلاف کارروائی کی سفارش

وزیر داخلہ چوہدری نثار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک میں بحران آتا ہے وزیر داخلہ کی کمر میں تکلیف ہوجاتی ہے اور بحران ختم ہوتے ہی کمر کی تکلیف ٹھیک ہوجاتی ہے۔

اسمبلی میں وزیر اعظم کے استعفے سے متعلق پیپلز پارٹی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

اجلاس میں اسی نوعیت کی ایک اور قرارداد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی پیش کی گئی تاہم اسے منظور نہیں کیا گیا۔

قرارداد پیش کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخواہ اسمبلی میں بھی وزیر اعظم کے استعفے کی قراردادیں منظور کی جاچکی ہیں۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں