اسلام آباد : پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) نے توہین آمیز خاکوں کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کے متنازع مقابلوں کے خلاف آج سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی۔
قرارداد میں موقف اختیار کیا گیاکہ مسلمان اپنے پیغمبر کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے، توہین آمیز خاکوں کا مقابلہ ناقابل برداشت عمل ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر قائد ایوان شبلی فراز کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کے خلاف پیش کی جانے والی مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
ایوان بالا میں پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلِ وسلم) سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، مسلمان اپنے پیغمبر کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرتے، قرار داد میں کہا گیا ہے۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اس مسئلے کو سفارتی سطح پر اٹھائے، معاملے پر ہالینڈ کی حکومت سے بھرپور احتجاج کیا جائے، توہین آمیز خاکوں کا معاملہ یورپی یونین، امریکا سے بھی اٹھایا جائے۔
توہین خاکوں خلاف پیش کی گئی مذمتی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ کسی مذہب کی توہین آزادی اظہار رائے کے زمرے میں نہیں آتی، توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر وزارت مذہبی امور علماء سے رابطے کرے۔
اس موقع پر سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ قرارداد میں پیش کرنا چاہتا تھا، شبلی فراز نے پیش کردی اچھی بات ہے، جب کہ بیرسٹر سیف نے کہا کہ توہین آمیزخاکوں کےمعاملےکواقوام متحدہ میں اٹھاناچاہیے۔
توہین آمیز خاکوں کے خلاف سینیٹ اجلاس قرار داد پیش کرنے کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی اجلاس میں شریک تھے۔