کراچی: سندھ اسمبلی اجلاس میں پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر سہراب سرکی نے سندھ پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
قرارداد کے متن کے مطابق 18 اکتوبر کو آئی جی سندھ مشتاق مہر کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، آئی جی کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اس طرح کی حرکتیں ملک کے ساتھ درست نہیں، ہم نے پاکستان کے لیے ووٹ دیا، ہم اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
پیپلزپارٹی رہنما ڈاکٹر سہراب سرکی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
مولانا عادل کی شہادت، پی ٹی آئی نے مذمتی قرارداد جمع کروادی
دوسری جانب سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کی جانب سے مولانا عادل کی شہادت پر مذمتی قرارداد جمع کروادی گئی۔
قرارداد رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی، رابستان خان نے جمع کروائی، قرارداد کے متن کے مطابق ایوان مولانا عادل خان کی شہادت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ مولانا عادل کی علمی و ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سندھ حکومت مولانا عادل کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرے۔