لاہور : ملک دشمن بیان پر نواز شریف کے خلاف پنجاب اور سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلایا جائے اور نواز شریف کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر نواز شریف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی ، قرارداد تحریک انصاف کے مراد راس کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
جس میں کہا گیا کہ ایوان نواز شریف کو گرفتار کرکے غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتا ہے، نواز شریف کی بھارت نوازی میں اب کوئی شکوک و شبہات نہیں رہے۔
قرار داد میں نواز شریف کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ نوازشریف متنازع بیان کی آڑمیں ملکی تشخص بری طرح متاثر کررہے ہیں۔
دوسری جانب نوازشریف کے متنازع بیان پر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی جانب خرم شیرزمان نے مذمتی قرارداد جمع کرادی، خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ نوازشریف پرغداری کامقدمہ چلایاجائے، ممبئی حملوں پرنوازشریف کاتنازع بیان وطن سےغداری ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا ہے کہ سندھ اسمبلی نوازشریف کے بیان کی مذمت کرے۔
مزید پڑھیں: ممبئی حملوں میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں، نوازشریف کے بیان پربھارتی میڈیا چلّا اٹھا
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں میں پاکستان میں متحرک عسکریت پسند تنظیمیں ملوث تھیں، یہ لوگ ممبئی میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں۔
جس کے بعد نواز شریف کے متنازعہ بیان کو بھارتی میڈیا نے بھارت کی فتح قرار دیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ قائد مسلم لیگ (ن) کے بیان کو بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا، انٹرویو کی حقیقت جانے بغیر بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا درست مان لیا گیا۔