لاہور : مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں ’آپریشن عزم استحکام‘ کی حمایت میں قرار داد جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں آپریشن عزم استحکام کی حمایت میں قراردادجمع کرادی گئی۔
قرارداد ن لیگ کی حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے وزیراعظم کی جانب سے آپریشن کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔
قرارداد میں کہنا ہے کہ یہ ایوان آپریشن کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاق سمیت تمام صوبائی حکومت کومتفق ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں : دہشتگردی کیخلاف ’عزم استحکام‘ آپریشن شروع کرنے کی منظوری
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے قوم سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی نے ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن عزم استحکام شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔
فورم نے فیصلہ کیا تھا کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔