لاہور : کرنٹ لگنے سے ریسٹورنٹ ملازم کی ہلاکت پر لواحقین نے احتجاج کرکے لاہور کی شاہراہ بند کردی، ورثاء کا مطالبہ ہے کہ ریسٹورنٹ مالکان کیخلاف کارروائی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور رنگ روڈ پر ہربنس پورہ کی حدود میں کرنٹ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی ہلاکت پر اس کے ورثا نے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے رنگ روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا۔ اٹھارہ سالہ نوجوان ثاقب مسیح نجی ریسٹورنٹ میں کام کرتا تھا۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ ثاقب مسیح ریسٹورنٹ میں ویٹر تھا۔
ورثا نے الزام عائد کیا کہ ریسٹورنٹ مینجر نے ثاقب مسیح کو ایک ٹن وزنی مین بورڈ لگانے کا کام دیا تاہم ثاقب مسیح بورڈ لگاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
ورثا نے الزام عائد کیا کہ ثاقب مسیح کو جاں بحق ہوئے بیس گھنٹوں سے زیادہ وقت گزر گیا تاحال ریسٹورنٹ مالکان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تو درج کر لیا لیکن تاحال پوسٹ مارٹم مکمل نہیں ہو سکا۔