ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیم سڈنی پہنچ گئی، قومی ٹیم نے وہاں پہنچ کر آرام کو ترجیح دی جب کہ کپتان بابر اعظم نے تنہا پریکٹس کی۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا، قومی ٹیم گزشتہ روز سڈنی پہنچی تاہم اس نے آرام کرنے کو ترجیح دی۔
پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل سے قبل گراؤنڈ میں کرکٹ سیشن نہیں کیا تاہم قومی کپتان بابر اعظم نے تنہا بیٹنگ پریکٹس کی، ان کی اس پریکٹس کے دوران مینٹو میتھیو ہیڈن بھی موجود تھے۔
کپتان بابر اعظم نے ڈیڑھ گھنٹے بیٹنگ کی پریکٹس کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ کی حالیہ کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے کپتان بابر اعظم ان دنوں آؤٹ آف فارم ہیں اور ان کا بلا ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک خاموش ہے۔