اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صنعت کی بحالی سے روزگار، کاروبار میں اضافہ ہوگا، تعمیراتی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تعمیراتی صنعت کے لیے اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور سرکاری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کو حکومتی اقدامات پرعملدرآمد کی بریفنگ دی گئی، انڈسٹری کےفروغ، بحالی کے لیے تجاویز وزیراعظم کوپیش کردی گئیں۔
وزیراعظم نے تعمیراتی انڈسٹری کی بحالی کے لیے اہم اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کی بحالی سے روزگار، کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی ملکیت میں ریاستی املاک کی تعمیرات ترجیحات کا حصہ ہے، ریاستی املاک کا کم آمدن افراد کے لیے برؤےکار لانا پالیسی کا اہم جزو ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے کو صنعت قرار دیے جانے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، صنعت کا درجہ ملنے سے شعبےکو دیگرصنعتوں کی طرح سہولتیں میسر آئیں گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ خام تعمیراتی مال کی قیمتوں میں غیرحقیقی اضافے پر مسابقتی کمیشن کردار ادا کرے، تعمیراتی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تعمیرات کے شعبے سے 40 سے زیادہ دیگر شعبہ جات وابستہ ہیں، شعبے کے فروغ سے معاشی عمل تیز اور نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل مالی حالات کی وجہ سے عوام کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے، ہر ممکن کوشش ہے معاشی عمل تیز اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے فروغ میں حکومت ہر ممکنہ سہولت کے لیے پرعزم ہے، حکومت پہلے مرحلے میں نیا پاکستان ہاؤسنگ کے لیے 25 ارب مختص کرچکی ہے۔