کراچی : شاہراہ فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ریٹائرڈ کرنل جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ،آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق شاہراہ فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ریٹائرڈ کرنل طاہر ضیاء پر فائرنگ کردی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے دو راہگیر ریحان اور مومن خان بھی زخمی ہوئے۔
کرنل طاہر نجی انسٹیٹیوٹ کے مالک تھے اور انسٹیٹوٹ کے قریب ہی گاڑی پارک کرکے باہر نکلے تھے کہ فائرنگ کا نشانہ بنے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں پولیس افسران کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے، جبکہ گولیوں کے خول فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے۔
مزید پڑھیں : کراچی لکی اسٹار پر فائرنگ، فوجی اہلکارشہید،دوراہگیر زخمی
مقتول طاہر ضیاء کے سر چہرے اور سینے پر چار گولیاں لگی ہیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے جامع تحقیقات پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔