اسلام آباد : حکومت نے ریٹائرڈ وفاقی سرکاری ملازمین کیلئے پنشن اصلاحات سے متعلق ایک اور وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے پنشن اصلاحات متعارف کرا دیں اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔
بجٹ سے پہلے وزارت خزانہ نے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے پنشن اصلاحات سے متعلق ایک اور وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کسی ادارے میں دوبارہ نوکری کرنے پر تنخواہ یا پنشن لیں گے، ان ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور تنخواہ دونوں یکمشت نہیں ملیں گی۔
وزارت خزانہ کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ بھرتی پر پنشن یا تنخواہ میں سے کوئی ایک ہی مل سکے گی۔
وزارت خزانہ کے جاری سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے پے اینڈ پنشن کمیشن کی اصلاحات کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کیا، اس نوٹیفکیشن کا اطلاق 22اپریل سے ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال یکم جنوری کو جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ریٹائر ملازمین کو پنشن آخری 24 ماہ کی ایوریج تنخواہ کے برابر ملے گی۔ پنشن میں سالانہ اضافہ ایوریج تنخواہ کے مطابق ہی ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شوہر یا اہلیہ دونوں کے سرکاری ملازمین ہونے کی صورت میں پنشن کی اہلیت بھی طے کردیا گیا۔ شوہر کو دوبارہ نوکری ملنے پر پنشن صرف ریٹائرڈ اہلیہ کو ملے گی۔ دونوں کی ریٹائرمنٹ کی صورت میں الگ الگ پنشن کے حصول کے مجاز ہونگے۔
مزید پڑھیں : ریٹائرڈ ملازمین کے لئے پنشن کے حوالے سے اہم خبر آگئی
وزارت خزانہ کے مطابق ریٹائر ملازمین کو دوبارہ نوکری پر ساری زندگی پنشن نہیں ملے گی، پے اینڈ پنشن کمیشن کی تجاویز کے مطابق اصلاحات متعارف کرائی گئیں، جس سے سالانہ پنشن بل کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔