جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

نواز شریف کی واپسی : اٹارنی جنرل کا شہباز شریف کو خط

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اٹارنی جنرل خالدجاوید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لگتا ہے نوازشریف کی طبیعت ٹھیک ہوگئی ہے۔

خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر نوازشریف کو 4ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، طبیعت صحیح ہونے پر نوازشریف کو ملک واپس آنا تھا۔

اٹارنی جنرل کے خط کے متن میں شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ نے عدالت میں نواز شریف کو واپس لانے کی تحریری یقین دہانی کرائی تھی۔

انڈرٹیکنگ کے تحت آپ نے رجسٹرار کو تسلسل سے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کرانا تھی، ریکارڈ کے مطابق آپ نے میڈیکل رپورٹ کے نام پر8دستاویز جمع کرائیں، آپ کی جانب سے آخری رپورٹ8جولائی2021 کو جمع کرائی گئی تھی۔

میڈیا میں دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ بظاہر نوازشریف کی صحت ٹھیک ہے، نواز شریف جب پاکستان سے گئے تھے تو خود کو سخت بیمار بتا کرگئے تھے، بادی النظر میں لندن پہنچتے ہی نوازشریف کی طبیعت ٹھیک ہوگئی۔

متن کے مطابق نوازشریف ایک بار بھی لندن کے کسی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے لندن میں اپنی سیاسی و سماجی مصروفیات جاری رکھی ہوئی ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے نوازشریف کی طبیعت وطن واپسی کیلئے بالکل ٹھیک ہے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے قریبی دوستوں، فیملی ممبرز کے بیانات بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں، وفاقی کابینہ نے11جنوری 2022کو میرے دفتر کو ہدایات جاری کی ہیں، کابینہ نے ہدایت کی انڈر ٹیکنگ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے۔

خط کے متن میں لکھا ہے کہ ہائی کورٹ کے حکم نامے پر پنجاب حکومت کو میڈیکل بورڈ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، میڈیکل بورڈ کو ہدایت کی گئی کہ میڈیکل رپورٹ کی جانچ پڑتال کی جائے، نواز شریف کی فراہم کردہ میڈیکل رپورٹ کو بورڈ نے ناکافی قرار دیا ہے۔

اٹارنی جنرل نے لکھا ہے کہ میڈیکل بورڈ رپورٹ سے عیاں ہے آپ میڈیکل رپورٹ دینے میں ناکام رہے، انڈر ٹیکنگ خلاف ورزی پر آپ کے خلاف ہائی کورٹ رجوع سے پہلے خط لکھ رہے ہیں۔

اتارنی جنرل نے واضح کہا ہے کہ خط ملنے کے بعد 10دن میں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس جمع کرائیں اور رپورٹس جمع نہ کرانے پر آپ کیخلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں