کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پائلٹس لائسنس منسوخی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، منسوخ شدہ لائسنسز کی بحالی کے لیے نظر ثانی بورڈ قائم کر لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں 3 رکنی نظر ثانی بورڈ قائم کیا گیا ہے، جو پائلٹس کے منسوخ شدہ لائسنسز کی بحالی کے حوالے سے کام کرے گا۔
یہ بورڈ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سی اے اے کی سفارش اور متعلقہ پائلٹس کی درخواستوں کا جائزہ لے گا، جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن حسن نقوی اس بورڈ کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔
سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایوی ایشن کیپٹن ضیا خان نظر ثانی بورڈ کے رکن ہوں گے، جب کہ پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر تیمور حسین بطور رکن بورڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔
پائلٹس مشتبہ لائسنس اسکینڈل : ایف آئی اے کا سائبر کرائم کے ماہرین سے معاونت لینے کا فیصلہ
یاد رہے کہ نظر ثانی بورڈ کے قیام کے لیے 14 جنوری کو وفاقی حکومت نے احکامات جاری کیے تھے۔
یہ بورڈ لائسنسز کے جائزے کے بعد متعلقہ احکامات، سفارشات اور پائلٹس کی درخواستیں ممکنہ بحالی کے لیے ایوی ایشن ڈویژن کو ارسال کرے گا۔