اشتہار

سحر انگیز جاپانی ادیب کی کہانیوں کا دل پذیر ترجمہ

اشتہار

حیرت انگیز

آمنہ احسن

جاپانی ادیبوں میں شاید ہی کسی کے حصے میں وہ شہرت آئی ہوئی، جو 69 سالہ ہاروکی موراکامی کو نصیب ہوئی۔

موراکامی ان گنے چنے غیرملکی فکشن نگاروں میں سے ہیں، جس کی کتب شایع ہوتے ہی بیسٹ سیلرز کے زمرے میں شامل ہوجاتی ہیں.

- Advertisement -
ہاروکی موراکامی

"یک سنگھے” موراکامی کے افسانوں کا مجموعہ ہے، جسے سینئر مترجم قیصر نظیر خاور نے اردو روپ دیا ہے، اس کتاب میں بارہ افسانے/ کہانیاں شامل ہیں۔

ان افسانوں میں دیگر زبانوں کے ادب کی جھلکیاں بھی ملتی ہیں اور باقاعدہ ذکر بھی، جو ظاہر کرتا ہے کہ مصنف عالمی ادب کا کتنا بڑا مداح ہے۔

وہ شکسپیر سے لے کر کافکا تک اور ایل فرینک بام سے لے کر عربی داستانی ادب تک، سب کا ذکر کرتا ہے۔ ادب کے ساتھ ساتھ موراکامی موسیقی کا بھی شایق ہے.

موراکامی کے افسانوں کا تھیم ہمارے ادیبوں سے یکسر مختلف ہے، موراکامی بھی بھوک اورغربت کی بات کرتا ہے، لیکن اس کے لیے وہ ہمیں کسی غریب کی جھونپڑی میں نہیں لے جاتا، بلکہ وہ اپنے کسی عام سے کردار کی عام سی صورت حال سے بھوک کی انتہا دکھاتا ہے ۔ یہ بھوک اتنی شدید ہوتی ہے کہ افسانہ پڑھتے پڑھتے ہم خود بھوک کی انتہا کو محسوس کرنے لگتے ہیں۔

موراکامی آج کی شہری زندگی سے تنگ ہے، اسے قدرت سے پیار ہے اور وہ اسی کے قریب رہنا چاہتا ہے، تب ہی وہ اپنے افسانوں میں جگنووں کا ذکر کرتا ہے، صبح اور رات کے سمے لمبی واک کی یاد تازہ کرتا ہے، باہر جانے کے بجائے گھر رہ کر ریکارڈر پر اوپیرا سننے کو ترجیح دیتا ہے۔

آج کی تیز رفتار ، جدید آلات سے بھری زندگی میں جب ہم موراکامی کے کرداروں کو ان الیکٹرانک آلات سے آزاد دیکھتے ہیں تو دل میں کہیں ایک بار یہ خواہش ضرور جنم لیتی ہے کہ کاش ہم بھی واپس پر سکون زندگی کی طرف پلٹ سکیں ۔

ایک چیز جو موراکامی کے افسانے پڑھ کر شدت سے محسوس کی وہ ہے انتظار۔ موراکامی کے ان بارہ افسانوں میں کہیں نہ کہیں، کسی نہ کسی کردار کا انتظار نظر آتا ہے.

قیصر نظیر خاور

کبھی محبوب کا اپنی محبوبہ کے لئے، کبھی شہری زندگی سے سے تنگ شخص کا اپنی پرانی زندگی میں لوٹنے کا انتظار اور کبھی بھوک سے بے چین شخص کا اپنے برگر کا انتظار۔

موراکامی ان حالات و واقعات کو اس مہارت سے کاغذ پر اتارتا ہے کہ یہ چھوٹے چھوٹے عام سے واقعات بڑے اور اہم لگنے لگتے ہیں۔

موراکامی چھوٹی سے چھوٹی بات کو تفصیل سے بیان کرنے پر یقین رکھتا ہے، وہ جگنو کا ذکر کرے گا، تو  ضروری سمجھے گا کہ قاری کو یہ معلومات فراہم کی جائے کہ یہ جگنو اصل میں کہتے کس بلا کو ہیں.

موراکامی اپنے افسانوں میں ہمیں یاد دلاتا رہتا ہے کہ وہ ایک جاپانی ادیب ہے، وہ اپنے ہر افسانے میں بارہا جاپان کا، اس کے مختلف شہروں اور شاہراؤں کا اور جاپانی کھانوں کا ذکر کرتا نظر آتا ہے۔

یہ قابل مطالعہ کتاب مکتبہ فکر و دانش نے شایع کی ہے، صفحات 256 اور قیمت 500 روپے ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں