اتوار, جون 30, 2024
اشتہار

سَر پر ڈیڑھ ارب کا انعام، دنیا کی سب سے مطلوب ’’چالباز‘‘ خاتون اب کہاں ہے؟ پراسرار کہانی

اشتہار

حیرت انگیز

بلغاریہ میں پیدا ہونے والی خاتون راجا اگناتووا دنیا کی سب سے مطلوب خاتون ہے جس کی گرفتاری پر ایف بی آئی نے 4 ملین پاؤنڈ انعام رکھا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بلغاریہ میں پیدا ہونے والی 43 سالہ روجا اگناتووا جس کے پاس جرمن شہریت ہے وہ دنیا کی سب سے مطلوب خاتون ہے جس کی گرفتاری پر ایف بی آئی نے 4 ملین پاؤنڈ (لگ بھگ ایک ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے) انعام رکھا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روجا کرپٹو کوئن کے نام سے مشہور ہے جس پر اب تک دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو کرنسی فراڈ میں سے ایک بڑے فراڈ کا الزام ہے اور اس نے 2014 میں وان کوائن نامی ایک جعلی کرپٹو کرائن بیچ کر سرمایہ کاروں کو 4 ارب ڈالر (3.3 ارب برطانوی پاؤنڈ جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 11 کھرب 58 ارب سے زائد) کا چونا لگایا تھا۔

- Advertisement -

مذکورہ فراڈی خاتون سات سال قبل 2017 میں منظر نامے سے غائب ہوگئی جس کے بعد 2022 میں ایف بی آئی نے اس کو انتہائی مطلوب فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

ایف بی آئی کے اہلکاروں نے پہلے اس خاتون کے بارے میں معلومات کے لیے ایک لاکھ ڈالر کے انعام کی پیشکش کی تھی، بعد ازاں اس انعامی رقم کو بڑھا کر 5 ملین ڈالر کر دیا گیا۔

مطلوب خاتون کے بارے میں قیاس آرائیاں:

ایف بی آئی نے اس کا انتہائی مطلوب ہونے کا پوسٹر بھی جاری کیا جب کہ ایجنسی کا خیال ہے کہ وہ مسلح گارڈز یا ساتھیوں کے ہمراہ سفر کرتی ہے جب کہ یو اے ای، روس، یونان اور مشرقی یورپ جیسے ممالک کا سفر کرنے کے لیے جرمن پاسپورٹ کا استعمال کر سکتی ہے۔

ملزمہ کے بارے میں ایک خیال یہ بھی ہے کہ روجا اگناتووا نے ہوسکتا ہے کہ پلاسٹک سرجری کرا کے اپنی شکل بدل لی ہو، تاہم یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ اسے بلغاریہ کے مافیا نے قبل کر دیا ہے۔

کیا روجا مر چکی ہے؟

اگناتووا کو آخری بار 25 اکتوبر 2017 کو امریکی بوائے فرینڈ کے فلیٹ سے فرار ہونے کے بعد صوفیہ سے ایتھنز کے لیے Ryanair کی پرواز میں سوار ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

2018 میں، ایک قتل شدہ بلغاریائی پولیس اہلکار کے قبضے سے ملنے والی دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ خاتون کو ایک مافیا باس کی نجی یاٹ پر قتل کر دیا گیا ہے اور اس کی لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے سمندر میں پھینک دیا گیا۔

ایف بی آئی اب کیا کر رہی ہے؟

تاہم ایف بی آئی کو اب بھی اس کے زندہ ہونے کی امید ہے اور وہ اسکی تلاش میں ہے۔ ایف بی آئی اب روجا کے قریبی لوگوں سے رابطے بڑھا رہی ہے۔

ایف بی آئی نے جب اس کو سب سے مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا تو ادارے کا کہنا تھا کہ وہ بہت زیادہ نقد رقم لے کر فرار ہوئی ہے جو بہت سارے لوگوں کو خریدنے کے لیے کافی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ روجا کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لیے انعامی رقم بڑھانے پر ایک رائے یہ بھی ہے کہ صرف ایک لاکھ ڈالر اس کے کسی جونیئر ساتھی یا ذاتی محافظ کو ایف بی آئی کو کال کرنے پر اکسا نہیں سکتا ہے تاہم 5 ملین ڈالر ایک خطیر رقم ہے اور اس لالچ میں ایجنسی کو کوئی مصدقہ اطلاع مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ون کوائن کرپٹو کرنسی اسکینڈل کے گروپ کے دیگر اراکین پکڑے گئے ہیں اور ان میں سے ون کوائن کے شریک بانی کارل سیبسٹین گرین ووڈ اور قانونی سربراہ ارینا ڈلکنسکا اعتراف جرم بھی کر چکے ہیں تاہم ماسٹر مائنڈ اب تک لاپتہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں