بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کیس میں اداکارہ ریا چکرورتی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ریا چکرورتی پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے لیے مبینہ طور پر ممنوع اشیا کی خریداری اور منشیات کی لت کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا۔
نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے حوالے کیے گئے الزامات کے مسودے میں ہر ملزم کے خلاف الزامات کی تفصیلات دی گئی ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کی اس وقت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی کے لیے ڈرافٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے گانجے کی بہت سی ڈیلیوریز حاصل کیں جو سشانت سنگھ راجپوت کے حوالے کیں۔
ڈرافٹ چارجز میں کہا گیا ہے کہ ریا چکرورتی نے اس طرح این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت جرم کیا ہے۔
مقدمے کے تمام 35 ملزمان کے خلاف عام طور پر الزامات کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام مارچ 2020 سے دسمبر 2020 کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ یا گروہوں میں منشیات کی خریداری، فروخت اور تقسیم کرنے کے لیے مجرمانہ سازش میں شامل ہوئے۔
واضح رہے کہ ریا چکروتی اور اُن کے بھائی کو بھی 2020 میں سُشانت سنگھ راجپوت کو منشیات کے استعمال میں مدد فراہم کرنے اور اُن کی موت کا سبب بننے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا بعد ازاں ریا چکروتی پر الزام ثابت نہ ہونے پر اُنہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے، ان کی موت سے منسلک منشیات کے معاملے کی تحقیقات میں این سی بی نے 35 ملزمان کے خلاف کل 38 الزامات عائد کیے ہیں۔