ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ ریا چکرورتی کا سوشل میڈیا پر ایک بیان زیرِ بحث ہے جس میں وہ خود کو چڑیل قرار دے رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریا چکرورتی نے حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں ان سے اداکار سشانت سنگھ راجپورت کی موت کے بعد خود پر ہونے والی تنقید اور میڈیا ٹرائل کے بارے میں سوال کیا گیا۔
یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت اور ریا چکرورتی کے درمیان قریبی تعلقات تھے۔ اداکار کی موت کے بعد انہیں ’چڑیل‘ اور کالے جادو کا ماہر قرار دیا گیا۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے ایک طرح سے چڑیل ہونا پسند ہے کیونکہ یہ بہت دلچسپ ہے، شاید میں چڑیل ہوں اور شاید مجھے کالا جادو بھی آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالی وڈ میں کچھ اچھے اور کچھ بُرے لوگ موجود ہیں، میں نے ان لوگوں کے اچھے پہلو کا تجربہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے تین سالوں میں ریا چکرورتی کسی بھی فلم کا حصہ نہیں رہیں جبکہ کچھ مواقع ایسے بھی آئے جب فلمسازوں نے انہیں لینا چاہا لیکن پھر متوقع تنقید کے پیشِ نظر اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔