منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سابق حکومت کی بہتر پالیسیاں، چاول کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

عمران خان کی سابق حکومت کی بہتر پالیسیوں کے نتائج مستقل برآمد ہورہے ہیں، رواں مالی سال کے دوران باسمتی چاول کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

عمران خان کی سابق حکومت کی ملک کے لیے کی گئی بہتر پالیسیوں کے ثمرات بتدریج قوم کے سامنے آرہے ہیں بالخصوص بڑھتی برآمدات کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں ۔

ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات میں رواں مالی سال اضافے کے بعد رواں سال باسمتی چاول کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ باسمتی چاول کے حجم میں 22 فیصد جبکہ وزن میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے رائس ایکسپورٹرز ایسوی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالرحیم جانو نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جولائی تا اپریل کے دوران باسمتی چاول کی برآمدی حجم 574 ملین ڈالر تک بڑھی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں باستمی چاول کی برآمدات سے 470 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں باسمتی چاول کی برآمدات سے حاصل زرمبادلہ میں 104 ملین ڈالر یعنی 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح باسمتی چاول کی برآمدات بالحاظ وزن بھی24 فیصد اضافے سے 5 لاکھ 8 ہزار 869 ٹن کے مقابلے میں 6 لاکھ 32 ہزار 407 ٹن تک بڑھ گئیں۔

چاولوں کی مجموعی قومی برآمدات بالحاظ وزن 27 فیصد جبکہ بالحاظ مالیت 17 فیصد بڑھی ہیں جبکہ متفرق اقسام کے چاولوں کی برآمدات میں بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال میں بالحاظ مالیت 15 فیصد جبکہ بالحاظ وزن 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 26 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹیکسٹائل برآمدات کے حوالے سے اہم خبر

ریکارڈ کے مطابق جولائی 2021 تا اپریل 2022 کے دوران 16 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئی تھیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات 12.70 ارب ڈالر رہی تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں