کراچی : شہر قائد کے پوش علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے پوش علاقوں میں منشیات کی فروخت اور اس کے استعمال کو روکنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کیں۔
پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس، کلفٹن کے اطراف چائے خانوں، کافی شاپس اور عوامی مقامات پر سرچ آپریشن کیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، مشکوک افراد کو تھانے منتقل کرکے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس موقع پر بخاری کمرشل، بدرکمرشل، راحت کمرشل اور سحر کمرشل میں قائم ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی۔
سرچ آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے، سرچ آپریشن کے دوران خصوصی ڈیوائس کا استعمال کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے نوجوان مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں تحقیقات کے نتیجے میں پولیس کو شہر میں منشیات فروشی سے متعلق متعدد انکشافات ہوئے ہیں۔
جس کے بعد شہر میں منشیات فروشوں اور منشیات استعمال کرکے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : مصطفی عامر قتل کیس، مشہور ٹی وی اداکار کا بیٹا گرفتار
اس سلسلے میں مشہور ٹی وی اداکار ساجد حسن کے بیٹے سمیت 4 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ساجد حسن کے بیٹے سے بھاری مقدار میں لاکھوں مالیت کی منشیات بھی برآمد ہوئی۔
اعلیٰ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروخت کرنے، خریدنے اور استعمال کرنیوالوں کیخلاف آپریشن جاری ہے اور ملزمان سے مصطفیٰ اور ارمغان کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔