نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قریبی ساتھی اور نیشنل انٹیلی جنس کے سابق قائم مقام ڈائریکٹر رچرڈ گرینل کو”ایلچی برائے خصوصی مشنز“ مقرر کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہم جنس پرست رچرڈ گرینل کی جانب سے چند دن قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا۔
امریکی اخبار کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ وزیر خارجہ بننے کی امید لگائے بیٹھے تھے، اس کے علاوہ وہ ٹرمپ سے پہلے متعدد صدور کے تحت اقوام متحدہ میں امریکی مشن کے ترجمان کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
ان کے آن لائن زہریلے پن، غیر ملکی کاروباری رابطوں اور سیاسی مخالفین اور میڈیا پر ذاتی حملوں کے رجحان سے بہت سے قدامت پسند ان سے دور ہوگئے، جس سے انہیں ٹرمپ کی طرف بڑھنے میں مدد ملی۔
اس سے قبل امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق سینیٹر ڈیوڈ پرڈو کو چین کے لیے سفیر نامزد کردیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کے سفیر کے لیے ان کا انتخاب ڈیوڈ پرڈو ہیں۔
اسرائیل کی شام میں کارروائیوں کی کیا وجہ ہے؟ نیتن یاہو نے ٹرمپ کو بتا دیا؟
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ پرڈو خطے میں امن برقرار رکھنے کے لیے اُن کی حکمتِ عملی کے نفاذ اور چینی رہنماؤں کے ساتھ کام کرنے کے نتیجہ خیز تعلقات میں اہم کردار ادا کریں گے۔