بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ ایک اور شہری کی جان لے گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور کو ڈاکوؤں کی گولی لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے پاور ہاؤس میں مبینہ مقابلے میں رکشہ ڈرائیور سابق فوجی نفیس خان جاں بحق ہوگئے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ رکشہ ڈرائیور کو ڈاکوؤں کی گولی لگی، ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایس پی نیو کراچی شبیر احمد کا کہنا ہے کہ چار ملزم لوٹ مار کررہے تھے ایک کو گرفتار کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوا، گرفتار ملزم کا دعویٰ ہے کہ مقتول کو پولیس کی گولی لگی ہے۔

مقتول کے بیٹے کے مطابق ان کے والد ریٹائرڈ فوجی ہیں انہوں نے گھر میں بیٹھنا مناسب نہیں سمجھا اور اپنا کام جاری رکھا، آج بھی وہ اپنے کام پر تھے کہ کسی نے ہمیں اطلاع دی کہ آپ کے والد صاحب کی لاش عباسی اسپتال میں رکھی ہے۔

آئی جی سندھ امجد سلیمی نے مبینہ پولیس مقابلے میں رکشہ ڈرائیور کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ کو انکوائری افسر نامزد کرتے ہوئے جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب گرفتار ملزم موٹر سائیکل لفٹر گروہ کا کارندہ ہے، ملزم کا کہنا ہے کہ خضدار سے آکر کراچی میں وارداتیں کرتے ہیں، ایک دو موٹر سائیکل چوری کرکے یا چھین کر رات دس بجے واپس چلے جاتے ہیں جبکہ چوری کی موٹر سائیکل 8 سے 10 ہزار روپے میں بیچ دیتے ہیں۔

ملزم کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس اسلحہ موجود نہیں تھا میرے ایک ساتھی نواز کے پاس اسلحہ تھا جب اس نے دیکھا کہ میں پکڑا گیا تو وہ بھاگ گیا۔

واضح رہے کہ چند ماہ میں پولیس مقابلے میں شہری کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، شارع فیصل پر مقصود نامی نوجوان بھی مبینہ مقابلے میں جان کی بازی ہار گیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں