پشاور میں رکشہ ڈرائیور عرب شاہ اسکول کی بچیوں کو مفت پک اینڈ ڈراپ سروس فراہم کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 33 سالہ رکشہ ڈرائیور عرب شاہ گزشتہ دس سالوں سے طالبات کو مفت پک اینڈ ڈراپ سروس فراہم کررہے ہیں اور جس کا مقصد یہ ہے کہ ملک کی بچیاں تعلیم سے محروم نہ رہ جائیں۔
عرب شاہ نے ایک رکشے پر کام شروع کیا تھا ان کی جتنی بھی آمدنی ہوتی ہے گھر پر دیتے ہیں جبکہ بچیوں کو مفت اسکول چھوڑتے ہیں اور چھٹی کے وقت انہیں گھر بھی ڈراپ کرتے ہیں اور والدین کو بھی ان پر بھروسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری بہنیں ٹرانسپورٹ کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ گئی تھیں اس وقت خیال آیا کہ میں رکشہ چلانا سیکھوں گا اور بچیوں کو مفت پک اینڈ ڈراپ سروس فراہم کروں گا۔
رکشہ ڈرائیور کے مطابق انہوں نے دس سال قبل پک اینڈ ڈراپ سروس شروع کی تھی اس وقت گاؤں کی پانچ چھ بچیاں تھیں اب دس سال ہوگئے ہیں اور میں بچیوں کو مفت سروس فراہم کررہا ہوں۔
عرب شاہ کا کہنا تھا کہ شروع میں مشکلات ہوئیں کیونکہ والدین مجھے جانتے نہیں تھے میں ان کے گھر جاتا تھا اور وہ بھی گاؤں آکر میرے بارے میں پوچھتے تھے کہ یہ لڑکا کیسا ہے اب تو ماشا اللہ میں مشہور ہوگیا ہوں اور والدین میرے پاس آتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو لے جایا کریں۔
انہوں نے بتایا کہ میرے پاس چار گاڑیاں ہیں جو ضیا الدین صاحب نے مجھے دی ہیں پیٹرول کا خرچہ کوئی نہیں دیتا اس کے لیے ہم مزدوری کرتے ہیں اور ڈرائیور سوزوکی چلاتے ہیں ہم ان پیسوں کو بچیوں کی ٹرانسپورٹ پر خرچ کرتے ہیں۔
عرب شاہ کا کہنا تھا کہ جب میں رکشہ چلانا شروع کیا تو اس وقت پانچویں اور چھٹی جماعت کی بچیاں بھی تھیں جو یونیورسٹی میں پہنچ گئی ہیں اور کچھ ٹیچنگ کررہی ہیں، انہوں نے مجھے یاد رکھا ہے اور شکریہ ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ انہیں بس فراہم کرے تاکہ وہ زیادہ تعداد میں بچیوں کو اسکول پہنچا سکیں، طالبات جو میرے پاس آتی ہیں ان کے پاس ٹرانسپورٹ کی سہولت نہیں ہیں میرے پاس جگہ نہیں ہوتی تو کچھ والدین کو انکار بھی کرنا پڑتا ہے۔