بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے میگا ایونٹ کے تین بہترین کھلاڑی بتا دیے ہیں۔
بھارت میں ایک ماہ سے جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ رابن راؤنڈ کے اختتام کے بعد آئندہ ہفتے سیمی فائنل مرحلہ شروع ہو جائے گا۔
اب تک مختلف ٹیموں کی جانب سے کئی کھلاڑیوں نے نا قابل فراموش کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
آسٹریلیا کے سابق چیمپئن کپتان رکی پونٹنگ نے رواں ورلڈ کپ میں تین بہترین کھلاڑی چن لیے ہیں جس کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پلیٹ فارم سے کیا۔
آئی سی سی نے انسٹا گرام کے آفیشل پیج پر رکی پونٹنگ کی مختصر گفتگو شیئر کی ہے جس میں وہ جاری ورلڈ کپ میں اپنے منتخب کردہ تین بہترین کھلاڑیوں کے بارے میں بتا رہے ہیں۔
رکی پونٹنگ نے ورلڈ کپ کے تین بہترین کھلاڑیوں میں سر فہرست آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا کو رکھا ہے جنہوں نے میگا ایونٹ میں کینگروز کی ابتدائی دو شکستوں کے بعد فتوحات کے تسلسل میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب تک 19 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب بولرز میں سر فہرست ہیں۔
سابق آسٹریلوی کپتان کے لیے میگا ایونٹ کے دوسرے بہترین کھلاڑی جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹن ڈی کاک ہیں جو رواں ورلڈ کپ کے 8 میچز میں 550 رنز بنا کر سر فہرست ہیں۔ کاک نے اب تک جاری ایونٹ میں چار سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
رکی پونٹنگ نے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے میڈیا فاسٹ بولر مارکو جینسن کو تیسرے نمبر پر رکھا ہے جو 8 میچز میں 17 حریف کھلاڑیوں کی وکٹیں اڑا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں میزبان بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں جب کہ باقی دو ٹیموں کی دوڑ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان شامل ہیں۔