اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے رائٹ سائزنگ کے لیے 23 اہداف مقرر کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے رائٹ سائزنگ کے لیے اہداف مقرر کرتے ہوئے اسے مرحلہ وار تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات جاری کر دیں، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے رائٹ سائزنگ کے لیے ایک ہفتے سے 3 ماہ تک کے اہداف دیے ہیں۔
وزیر اعظم نے ملک میں ڈیجیٹل اتھارٹی بنانے کی ہدایت کی ہے، ڈیجیٹل اتھارٹی بنانے کے لیے مسودہ قانون ایک ہفتے میں تیار کیا جائے گا۔ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان میں صحت ڈائریکٹوریٹ وہاں کی حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق یونیورسل سروسز فنڈ بحال کر کے بہتری کی تجاویز طلب کی گئی ہیں، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ 3 ماہ میں تیار کیا جائے گا، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم کو بھیجی جائے گی، وزارت تجارت، سرمایہ کاری بورڈ کو وزارت صنعت و پیداوار میں ضم کرنے پر مشاورت کی جائے گی، اور تجاویز 2 ماہ میں پیش کی جائیں گی۔
ایک ماہ میں سمیڈا کو وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے ماتحت کرنے کی تجویز دی گئی ہے، وزارت صنعت و پیداوار کی 5 ذیلی کمپنیوں کی نج کاری پہلے مرحلے میں ہوگی، تجاویز 2 ہفتے میں تیار ہوں گی، پاکستان انجینئرنگ کمپنی، ری پبلک موٹرز کی نج کاری کی تجاویز 2 ہفتے میں پیش کی جائیں گی، اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن کی نج کاری کی تجاویز 2 ہفتے میں پیش کی جائیں گی، انجینئرنگ ڈیولمپنٹ بورڈ کی کارکردگی کی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کی جائے گی۔
نیشنل فرٹیلائزیشن کارپوریشن کو ختم کرنے کے لیے تجاویز ایک ماہ میں پیش کی جائیں گی، یوٹیلیٹی اسٹورز ختم کرنے کے لیے تجاویز 2 ہفتوں میں تیار کی جائیں گی، یوٹیلیٹی اسٹورز کی سبسڈی کو مستحقین کے کیش ٹرانسفر میں منتقل کر دیا جائے گا، پاکستان جم اینڈ جیولری کی رائٹ سائزنگ کی تجاویز تیار کی جائیں گی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت خود مختار کیا جائے گا، ادویات کی قیمتوں کے تعین میں ڈرگ ریگولیٹری کے اختیارات کو ڈریپ ایکٹ کے تحت الگ کیا جائے گا، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پمز کو ڈی واول کرنے کی تجاویز 1 ماہ میں پیش کی جائیں گی، فیڈرل گورنمنٹ سروسز اسپتال پولی کلینک کو ڈی واول کرنے کی تجویز ایک ماہ میں پیش کی جائے گی، نیشنل ری ہیبلیٹیشن انسٹیٹیوٹ آف میڈیسن کو ڈی واول کرنے کی تجویز 1 ماہ میں پیش ہوگی۔
رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے میں 5 وزارتوں کے لیے تجاویز تیار کی جائیں گی۔