کراچی: گارڈن پولیس نے کراچی میں جیب کتروں کا 30 رکنی گروہ چلانے والے ایک سرغنہ کو گرفتار کیا ہے، جس نے تفتیش میں متعدد انکشافات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس نے فیصل نامی ایک سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ڈاکوؤں اور جیب کتروں کا تیس رکنی گروہ چلا رہا تھا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ملزم فیصل چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر کے فروخت کرتا تھا، ملزم مسروقہ اور چھینے گئے موبائل فونز افغان ڈیلر کو بیچتا تھا، یہ موبائل فون بلوچستان اور افغانستان میں اسمگل کیے جاتے تھے۔
گارڈن پولیس نے ملزم سے ایک پستول اور چھینا ہوا موبائل فون برآمد کیا، ملزم اور اس کا گروہ متعدد شہریوں سے لوٹ مار کر چکا ہے، ملزم نے ہزاروں کی تعداد میں مسروقہ موبائل مارکیٹس میں فروخت کیے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم فیصل اپنے ساتھی ارسلان کے ہمراہ مل کر وارداتیں کرتا تھا، ارسلان کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔