کراچی: آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان سندھ حکومت نے ضلعی حکام اور پولیس سے مدد طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی،حیدرآباد،نواب شاہ،سکھر اور لاڑکانہ کے ضلعی حکام اور پولیس کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 22 جولائی کو سندھ کابینہ نے آٹے کے بحران اور قیمتوں سے متعلق اہم فیصلے کیے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈویژنل کمشنر، خصوصاً کمشنر سکھر اور لاڑکانہ بارڈر پار گندم اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کریں،تمام ڈویژنل کمشنر گندم ذخیرہ کرنے اور قیمت بڑھانے والوں کے خلاف مہم چلائیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گندم کی نارتھ باؤنڈ آمدورفت پر پابندی لگا دی گئی ہے،گندم کی قیمت برقرار رکھنے کے لیے یومیہ مقامی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات نے تفصیلات جاری کی تھیں جس کے مطابق کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1360 روپے تک پہنچ گئی ہے اور یہ ملک کے سب سے بڑے شہروں میں آٹے کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں کراچی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 120 روپے تک مہنگا ہوا اور گزشتہ تین ہفتوں میں کراچی میں آٹے کا تھیلا 160 روپے تک مہنگا ہوا۔