ریاض: سعودی عرب میں ‘ریاض میٹرو پراجیکٹ’ کے افتتاح کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاض میں سفری سہولت کے لیے ٹرین کا میگا پراجیکٹ اپنی تکیمل کے قریب پہنچ گیا اور اب اس کے افتتاح کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ قبل ازیں میئر شہزادہ فیصل بن عیاف نے بتایا تھا کہ ریاض میٹرو پراجیکٹ کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جلد افتتاح کردیں گے۔
ادھر ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد الرشید نے کہا ہے کہ رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران ریاض میٹرل باقاعدہ آپریشنل ہوجائے گا، ریاض ٹرین عرب دنیا کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔
اس منصوبے کی لاگت تقریباً 84 ارب ریال ہے۔ 85 اسٹیشنوں پر مشتمل یہ ٹرین ریاض کے بیشروں شہروں میں اپنی سروس فراہم کرے گی۔ یہ ٹرین ڈرائیور کے بغیر خودکار سسٹم سے چلے گی، خصوصی طور پر تیار کی گئیں بوگیاں ریموٹ کنٹرول کی مدد سے آپریٹ کی جائیں گی۔ ریاض میٹرو کی بہترین سہولت سے عوام مستفید ہوں گے۔
ریاض میٹرو پراجیکٹ کے اسٹیشنز
اس ٹرین کے اسٹیشنز سیاحتی و تفریحی مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ سینٹر، شہر کے مرکزی علاقے، کنگ فہد اسٹیڈیم، ریاض کی بڑی جامعات، کنگ عبداللہ مالیاتی مرکز اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہوں گے۔
خیال رہے کہ اس منصوبہ کے تحت اسٹینشنز بھی جدید بنائے گئے ہیں جو بجلی کی 20 فیصد ضروریات شمسی توانائی سے حاصل کرنے والے نظام سے آراستہ ہیں اور وائی فائی ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔ مسافر کھانے پینے کی اشیا سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔ ریاض میٹرو کے ماتحت 25 پبلک پارکنگز بھی ہیں۔
اس میگا پراجیکٹ کے چھے بڑے ٹریک ہیں جو طویل فاصلے پر مشتمل ہیں۔