پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ، عازمین حج کی مشکلات ختم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حج پروازوں کا آغاز کر دیا گیا، روڈ ٹومکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ سے سعودی ائیرلائن کی پرواز عازمین حج کو لے کر روانہ ہوگئی ، پہلی مرتبہ 22000 حج کی بائیومیٹرک امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروجیکٹ روڈ ٹو مکہ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، ،ساڑھے تین سو عازمین امیگریشن کےبعد سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 719 کے زریعے حجازمقدس روانہ ہوگئے۔

پہلی پرواز کو الوداع کرنے کے لئے سعودی امیگریشن عملہ سعودی سفیر وفاقی وزیر مذہبی امور اور ایوی ایشن کے وزیر بھی ائیرپورٹ پر موجود رہے۔

پی آئی اے بھی کل سے باضابطہ طور پر اسلام آباد سے اپنی پہلی حج پرواز کا آغاز کرے گی۔

دوسری جانب روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت وزیر اعظم کے مشیر ارباب شہزاد اور سعودی ڈی جی امیگریشن میجر جنرل یحیی نے انتظامات کاجائزہ لیا ، اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور میاں مشتاق، سیکرٹری سول ایوی ایشن اور سعودی سفیر بھی ہمراہ تھے۔

سعودی اور پاکستانی حکام کو سعودی اور پاکستانی امیگریشن عملہ نے ائیرپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی، سعودی حکام کاکہناتھا کہ روڈ ٹو مکہ، سعودی حکومت کے ویژن 2030 میں شامل ایک اہم اقدام ہے، سعودی عرب آنے والوں کے لئے ای ویزہ، کسٹم اور ایمیگریشن کے تمام مراحل ان کے اپنے ملک میں ہی طے پائیں گے۔

مزید پڑھیں : اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ

سعودی حکام نے کہا وزیراعظم عمران خان کی دلچسپی کی بنا پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے پاکستان کو منصوبے میں شامل کیا، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پرمنتخب کیاگیا ۔ منصوبے کے تحت عازمینِ حج کا سامان براہ راست ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا، بعدازاں پراجیکٹ کا دائرہ کار بتدریج دوسرے پاکستانی ایئرپورٹس تک بھی بڑھایاجائے گا۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح کل اسلام آباد ایئرپورٹ پر کریں گے جبکہ پہلی حج پرواز اسی روز عازمین کو لے کر روانہ ہوگی، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچ کر امیگریشن نہیں کرانا پڑے گی۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی، روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہو گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں