کراچی : رواں سال کراچی سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی پری کلیئرنس اور ایمی گریشن جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبہ کیلئے تیاریاں شروع کردی گئیں ، فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کیلئے پری کلیئرنس اور ایمی گریشن کراچی ایئرپورٹ سے ہوگی۔
اس سلسلے میں پاکستان کے دورے پر آئے سعودی امیگریشن کا وفد جمعرات کو کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کرے گا، وفد کے دورے سے متعلق کراچی ایئرپورٹ پر تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے۔
کراچی ایئر پورٹ پر عازمین حج کی امیگریشن اور پری کلیئرنس کیلئے قائم خصوصی کاونٹر پر سسٹم نصب ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی امیگریشن سعودی عملہ کرے گا۔
روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت کراچی ایئرپورٹ پرخصوصی کاونٹر قائم کئے جائیں گے اور سسٹم کو سعودی عرب کے ایئرپورٹ سے منسلک کیا جائے گا۔
رواں سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں عازمین کو سہولت میسر ہوگی۔