اسلام آباد : اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا اور دس خصوصی کاؤنٹرز کو مدینہ اور جدہ ایئرپورٹ سے لنک کردیا گیا، بائیس ہزارعازمین حج کی امیگریشن اورپری کلیئرنس اسلام آبادایئرپورٹ سے ہوگی ۔
تفصیلات کے مطابق روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت اسلام آبادایئرپورٹ کے 10خصوصی کاؤنٹرز مدینہ اور جدہ ایئرپورٹ سے لنک کردیئے گئے جبکہ سعودی حکام نے مصنوعی امیگریشن کی کامیاب مشق مکمل بھی کرلی ہے ، سعودی امیگریشن حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آبادایئرپورٹ پر سعودی حکام نے امیگریشن کاؤنٹر کا چارج سنبھال لیا ، بائیس ہزارعازمین حج کی امیگریشن اورپری کلیئرنس اسلام آبادایئرپورٹ سے ہوگی ۔
گذشتہ روز روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت پاکستانی، سعودی حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا تھا، سعودی حکام نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ سعودی حکومت کے وژن 2030 میں شامل اہم اقدام ہے، ای ویزہ، کسٹم، امیگریشن کے مراحل اپنے ملک میں طے پائیں گے، اس منصوبے کا آغاز گزشتہ سال ملائیشیا اور انڈونیشیا میں کیا تھا۔
سعودی حکام کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں : روڈ ٹو مکہ منصوبہ، سعودی اور پاکستانی ماہرین نے انتظامات کا جائزہ لیا
پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کو منصوبے میں شامل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ذاتی دلچسپی ظاہر کی، اسلام آباد ایئرپورٹ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر حج 2019 کے لیے منتخب کیا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح پانچ جولائی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کریں گے جبکہ پہلی حج پرواز اسی روز عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی، روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہو گی۔