مانسہرہ: شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری کے باعث سینکڑوں سیاح اورمسافر ناران میں پھنس گئے ہیں، برف باری کے سبب متاثرہ علاقے میں خوراک کی بھی قلت پیدا ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج دوپہرپاکستان کے شمالی علاقہ جات کے کئی علاقوں میں شدید برف باری شروع ہوگئی ہے جس کے سبب ناران، کاغان، مانسہرہ اورگلگت بلتستان سمیت کئی ملحقہ علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب، خیبر پختونخواہ اوربلوچستان کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشیں اور برف باری کا امکان ہے جبکہ اپر پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور کشمیر کے علاقوں میں بھی ٹھنڈٰی ہواوٗں کے ساتھ بارش اور ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔
برف باری سے ناران میں سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں جبکہ شدید سردی کے سبب خواتین اور بچوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سڑکوں سےبرف ہٹانےکےلیےہیوی مشینری پہنچ گئی ہے جبکہ ہیلی کاپٹرسروس کےلیےوزارت داخلہ سےدرخواست کردی گئی ہے۔