نئی دہلی: رہنما بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رمیش بدھوری کے کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی کے گالوں پر قابلِ اعتراض تبصرے نے نئی بحث چھیڑ دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رمیش بدھوری نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ اگر وہ حلقے سے الیکشن میں کامیاب ہوئے پرینکا گاندھی کے گالوں جیسی سڑکیں بنائیں گے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں رمیش بدھوری کو پرینکا گاندھی پر قابلِ اعتراض تبصرہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ وہ دہلی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی کیلیے مہم چلا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پریانکا گاندھی کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے انوکھا اقدام
بی جے پی نے کالکاجی حلقہ سے رمیش بدھوری کا انتخاب دہلی کے وزیر اعلیٰ اور اے اے پی لیڈر آتشی سے مقابلہ کیلیے کیا ہے۔
کانگریس لیڈر سپریہ شرینتے نے رمیش بدھوری پر سخت تنقید کی اور ان کے پرینکا گاندھی پر تبصرے کو شرمناک قرار دیا۔ سپریہ شرینتے نے بی جے پی پر خواتین مخالف سوچ رکھنے کا بھی الزام عائد کیا۔
اے اے پی ایم پی سنجے سنگھ نے بھی بی جے پی رہنما کے تبصرے کی مذمت کی۔ انہوں نے ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا بی جے پی کی قیادت میں دہلی کی خواتین محفوظ محسوس کر سکتی ہیں؟
ردعمل کے بعد رمیش بدھوری نے اپنے تبصرے کا دفاع کیا اور اپوزیشن پر منافقت کا الزام لگایا۔
انہوں نے اپنے تبصرے کا جواز پیش کرتے ہوئے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی طرف سے ہیما مالنی کے خلاف کیے گئے اسی قسم کے تبصرے کا حوالہ دیا۔