کراچی میں کورنگی کازوے پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ڈاکو ذوالفقار عرف زلفی انتہائی مطلوب اور اشتہاری نکلا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو ذوالفقار عرف زلفی انتہائی مطلوب اور اشتہاری نکلا ہے، ملزم نے سرکاری ملازم کو ڈکیتی مزاحمت پر 2 سالہ بیٹی سمیت قتل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شہری نے ڈاکو کو کیسے گولی ماری؟ فوٹیج اے آر وائی نیوز پر
طارق نواز نے بتایا کہ دہرے قتل کا واقعہ 24 ستمبر 2023 کو چمڑہ چورنگی پر پیش آیا تھا، قتل میں ملوث ملزم واردات کے بعد سے مفرور تھا، مقتول طاہر اپنی بیٹی کو سی ویو گھمانے کے بعد واپس لے جا رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ملزم کا ساتھی علی گوہر گرفتار ہوا تھا، ہلاک ملزم نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے 100 سے زائد شہریوں کو لوٹا تھا، ملزم نے اسی ماہ فیکٹری مالک احد سے 8 لاکھ روپے چھینے تھے۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق 8 لاکھ روپے لوٹنے میں ملوث ملزم کا ساتھی غلام حسین پکڑا گیا تھا، ملزم نے فیکٹری مالک رانا ارشاد سے بھی 10 لاکھ چھینے تھے۔
گزشتہ روز گلشن بہار پاکستان بازار تھانے کی حدود میں سیکٹر 16 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 گلشن بہار میں 2 موٹرسائیکل سوار ڈاکو ایک شہری کو لوٹ رہے تھے۔
ان کے قریب ہی موجود شہنشاہ حسن نامی شہری نے اپنی ذاتی لائسنس یافتہ اسلحہ سے ملزمان پر فائرنگ کی، شہری کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فرار ہوتے ڈاکو نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 14 سالہ بچہ حسین ولد علی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے اور اس کی شناخت کا عمل جاری ہے، شہری کا اسلحہ بھی فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔