دادو: صوبہ سندھ کے شہر دادو میں پولیس نے مقابلے میں سندھ کے بدنام زمانہ ڈاکو بادل کیریو کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دادو میں کے این شاہ کے قریب سیتا لنک روڈ پرڈاکوؤں نے پولیس پرحملہ کیا، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں سندھ کا بدنام زمانہ ڈاکو بادل کیریو مارا گیا۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے بتایہ کہ ہلاک ہونے والا ڈاکو سانگھڑ، ٹنڈوالھیار، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد اور شکارپور میں 40 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے کا انعام تھا۔
پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک، ٹارگٹ کلرگرفتار، دستی بم برآمد
ایس ایس پی کی جانب سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لیے ایک لاکھ روپے کیش انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ ہلاک ڈاکو بادل کیریو ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور پولیس کے جوانوں کو شہید کرنے میں بھی ملوث تھا۔ مارے جانے والے ڈاکو نے ٹنڈوالھیار، سانگھڑ اور مٹیاری میں 4 پولیس کے جوانوں کو شہید اور ایک کو زخمی کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں فائرنگ کرکے رکشہ ڈرائیور کو ہلاک کرنے والا ڈاکو پولیس مقابلے میں ماراگیا تھا۔