کبیر والا : پنجاب کے شہر کبیر والا کے علاقے نند پور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیوپاری سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ڈاکو 1کروڑ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کبیر والا کے نمائندے خرم شہزاد کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ سرائے سدھو کی حدود نند پور میں ایک پیٹرول پمپ پر پیش آیا۔
جہاں 3 مسلح ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ پر کھڑے ایک بیوپاری سے لوٹ مار کی، ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر بیوپاری کو گولی مار دی۔
گولی لگتے ہی بیوپاری زمین پر گر کر تڑپنے لگا اور تھوڑی ہی دیر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیاْ۔
اس بے رحمانہ قتل کے منظر کو دیکھتے ہوئے جائے وقوعہ پر موجود پیٹرول پمپ کا بزرگ ملازم شدید خوف زدہ ہوگیا اور دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی چل بسا۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکو بیوپاری سے مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے چھین کر فرار ہوگئے، تاہم علاقہ پولیس نے تاحال ڈاکوؤں کی گرفتاری سے متعلق کوئی کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔
مزید پڑھیں : کچے کے ڈاکوؤں کی بستی پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ سال2025کے پہلے مہینے میں صرف کراچی میں اب تک ڈاکوؤں سے مزاحمت پر 6افراد قتل کیے جا چکے ہیں لیکن تاحال ان کے لواحقین کو انصاف نہیں مل سکا ہے۔
آج ہی کے روز کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں پرچون کی دکان پر ڈاکوؤں سے مزاحمت کے دوران فائرنگ سے 55 سالہ دکاندار جاں بحق ہوگیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔