جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

چکن سینٹر میں ڈکیتی، ڈاکو نے بغدا بھی استعمال کیا، فوٹیج سامنے آ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی واردتوں میں کمی نہ آ سکی، انتہائی بے خوفی سے کی گئی ایک اور واردات کی فوٹیجز سامنے آ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کھڈا مارکیٹ میں واقع ایک چکن سینٹر میں 15 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، 4 روز قبل ہونے والی اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہیں۔

اس واردات کے دوران 6 مسلح ڈاکوؤں نے دکان کا تسلی سے صفایا کیا، فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو کس بے خوفی سے واردات کر رہے ہیں، اور انھیں سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی سے بھی کوئی پریشانی نہ ہوئی، جن کی فوٹیجز میں لٹیروں کے چہرے واضح نظر آتے ہیں۔

ایک ڈاکو نے دکان کے اوپری کے حصے میں میز کی دراز کھولنے کے لیے بغدے کا بھی استعمال کیا، اور کئی ضربوں سے لاک توڑ کر اس کے اندر سے لاکھوں روپے نکال کر تھیلیوں میں بھر لیے۔

واردات کے دوران 3 ڈاکو دکان کے اندر گئے تھے، جب کہ دیگر 3 دکان کے باہر پہرا دیتے رہے، مختلف فوٹیجز میں ڈاکوؤں کو دکان میں موجود افراد کی تسلی سے تلاشی لیتے جا سکتا ہے، ان سے بھی موبائل فونز اور کیش چھینا گیا۔

ڈاکوؤں نے دکان کے اوپری حصے میں جا کر وہاں موجود ایک اور ملازم کی تلاشی لی، لٹیروں نے دکان میں موجود تینوں افراد کو واش روم میں بند کیا اور واردات مکمل کی، لٹیرے تقریباً ڈھائی منٹ تک واردات کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کے چہرے واضح ہیں، دکان دار کا کہنا ہے کہ واردات کے فوری بعد 15 پر اطلاع دی گئی تھی، لیکن بغدادی تھانے کی پولیس ایک گھنٹے تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی، پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں بھی تاخیر کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چار روز قبل ہونے والی اس واردات پر پولیس کارروائی کرنے میں تاحال ناکام ہے۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں