اسلام آباد : تھانہ کوہسار کی حدود میں ڈاکو شہری سے 85 لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپنی لاکھوں روپے کی رقم سے محروم ہونے والے تاجر نے واقعے کے خلاف تھانہ کوہسار میں درخوست جمع کروا دی، تاجر سے ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد کو تاجر سے رقم چھین کر فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
درخواست گزار تاجر نے پولیس کو بتایا کہ میں مختلف بینکوں سے کیش نکلوا کر ناظم الدین روڈ پہنچا تھا، ڈاکوؤں نے85لاکھ 90ہزار روپے چھینے جو ایک پارٹی کو دینے تھے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے۔
اس سے قبل راولپنڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے تاجر کے ڈرائیور سے پونے پانچ کروڑ روپے لوٹ لیے اور فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی تمام پہلوؤں سےچھان بین کررہے ہیں۔