کراچی : لانڈھی میں مردم شماری کے عملے سے ڈکیتی کی واردات ہوئی ، جہاں موٹرسائیکل سوار ملزمان عملے کے رکن سے موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مردم شماری کے پہلے دن ہی عملے کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوگئی۔
لانڈھی میں خانہ شماری کے عمل کے دوران نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان موبائل فون چھین کر فرارہوگئے، اس دوران عملے کا فرد معمولی زخمی بھی ہوا۔
اسٹاف نے بتایا مردم شماری کے لیے مناسب سیکیورٹی نہیں دی گئی، واردات سےمتعلق اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔
پولیس نے موقف میں کہا عملے کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، عملے کے جس شخص کے ساتھ واردات ہوئی وہ علاقے میں اکیلا کام کررہا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کے واقعے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔