کراچی کے علاقے کھارادر میں 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی پر پولیس نے مشکوک حرکات پر متاثرہ شہری کو ہی حراست میں لے لیا۔
جوڑیا بازار میں بینک کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزم شہری سے 50 لاکھ روپے سے بھرا بیگ اسلحے کے زور پر چھین کر فرار ہوگیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نے حاصل کر لی۔ ڈکیتی کی واردات آج دوپہر رپورٹ ہوئی جس کے بعد پولیس نے متاثرہ شہری کو ہی حراست میں لیا۔
پولیس نے بتایا کہ پیسے لے جانے والے شہری کی حرکات مشکوک معلوم ہوتی ہیں، شہری کے پاس بڑی رقم تھی لیکن وہ باہر کسی کا انتظار کرتا رہا، موٹر سائیکل سوار مسلح شخص اکیلا ہی رقم چھین کر فرار ہوا۔
پولیس کے مطابق شہری کندھے پر بیگ میں 50 لاکھ لے کر بینک پہنچا جبکہ عقب سے موٹر سائیکل سوار ملزم اکیلا آیا اور شہری پر پستول تان لی، ملزم نے پستول لوڈ کی تو شہری بینک کی سیڑھیاں اترا اور بیگ حوالے کر دیا۔
پولیس نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے شہری کو حراست میں لے لیا گیا، فوٹیج میں باآسانی دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری مشکوک انداز میں نظر آ رہا ہے، محسوس ہو رہا ہے وہ ملزم کو خود اپنے پاس بلانے کیلیے اشارے کر رہا ہے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔