ڈاکوؤں نے دیدہ دلیری کی انتہا کرتے ہوئے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گھر میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کی واردات کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ گلشن اقبال کی حدود رضا بلاک کے گھرمیں مذکورہ واقعہ پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے اطمینان کے ساتھ پہلے تو اہلخانہ کو یرغمال بنایا پھر ایک کروڑ سے زائد کی ڈکیتی کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 5 ڈاکوؤں نے گھر میں موجود افراد کو یرغمال بنا کر واردات کی، ڈاکوؤں نے 27 تولے سونا، نقدی، قیمتی گھڑیاں اور انگوٹھیاں لوٹیں۔
لاہور پولیس نے بتایا کہ ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ ڈاکوؤں کی گھر میں داخل ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔