آپ نے اپنے بچپن میں گڑیاؤں سے متعلق بہت سی کہانیاں سن رکھی ہونگی، ان میں کچھ کہانیاں پراسراریت اور خوف سے بھرپور ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ اب تک اس قسم کی گڑیاؤں کی کہانیوں پر مبنی بہت سی فلمیں بھی بنائی جاچکی ہیں جو فلم بینوں خصوصاً بچوں میں بھی کافی مقبول ہیں۔ کچھ اسی طرح کی ایک گڑیا ’رابرٹ دی ڈول‘کے نام سے بھی مشہور ہے کہ وہ بہت ہیبت ناک اور خوفزدہ کرنے والی گڑیا ہے۔
رابرٹ کی گڑیا سال1905 میں ایک نوکرانی کی جانب سے رابرٹ یوجین اوٹو نامی بچے کو تحفہ میں دی گئی تھی اس حوالے سے لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ گڑیا کئی حادثات کی ذمہ دار ہے۔
کار حادثات، ملازمت کے نقصانات سے لے کر طلاق تک گڑیا کو ان میں سے کئی واقعات کا سبب جانا جاتا ہے، رابرٹ کو کائنات کی سب سے منحوس گڑیا بھی کہا جاتا ہے۔
رابرٹ جسے جین کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اپنی گڑیا سے اس حد تک پیار کرتا تھا کہ اس نے اپنے نام پر اس گڑیا کا نام رکھا۔
یہاں تک کہ اس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اس کی گڑیا میں سب کچھ ہے، رابرٹ جین اپنی گڑیا کو ہر جگہ لے جاتا تھا اور وہ دونوں سب سے اچھے دوست کے طور پر جانے جاتے تھے۔
بعد ازاں جین کے گھر والے اور دیگر جاننے والوں نے یہ بات شدت سے محسوس کی کہ گڑیا میں ایسا کچھ غلط ہے جو حقیقت کے برعکس ہے۔
جین کے گھر کے سامنے سڑک پر چلتے ہوئے لوگوں نے اس گڑیا کو کھڑکی کے ایک طرف سے دوسری طرف جاتے ہوئے بھی دیکھا۔ اس کے علاوہ یہ گڑیا مبینہ طور پر گھر کے ارد گرد خود ہی گھومتی ہوئی نظر آتی تھی۔
کچھ لوگوں کا اس پراسرار گڑیا کے بارے میں یہ بھی دعویٰ ہے کہ کمرے میں گفتگو سنتے ہوئے گڑیا کے چہرے کے تاثرات بدل جاتے ہیں۔ جین کی شادی کے بعد بھی یہ گڑیا اس کی زندگی کا اہم حصہ تھی حالانکہ جین کی بیوی کو اس گڑیا سے شدید نفرت تھی۔
جین اور اس کی بیوی کی موت کے بعد رابرٹ کی اس گڑیا کو عطیہ کردیا گیا اور آج اسے اپنے ٹیڈی بیئر کے ساتھ فورٹ ایسٹ مارٹیلو میوزیم میں شیشے کے ایک کیس میں رکھا گیا ہے۔
رابرٹ کی گڑیا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ تاریخ کی سب سے زیادہ خوفناک گڑیا ہے، وہ میوزیم جہاں اسے رکھا گیا ہے اس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ رات کے وقت میوزیم میں ہی گھومتی رہتی ہے۔
مذکورہ میوزیم کے قوانین میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اگر آپ تصویر لینے سے پہلے رابرٹ کی گڑیا سے اجازت نہیں لیں گے تو وہ آپ کو مختلف طریقوں سے پریشان کردے گی۔