لاہور: پنجاب کے پر فضا مقام مری میں بلندی پر ایک چٹان زمین سے سرک گئی ہے، جس سے آبادی کو بچانے کے لیے کنٹرولڈ بلاسٹنگ کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مری کے علاقے علیوٹ نکرہ کے مقام پر ایک بڑا پتھر زمین سے سرک رہا ہے، اگر پتھر آگے سلائیڈ کرتا ہے تو اس کی زد میں کچھ گھر آ سکتے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ چٹان گرنے کے خطرے کے باعث متعلقہ گھروں کو خالی کرا لیا گیا ہے، چٹان گرنے سے 6 سے 7 گھروں کو نقصان کا خدشہ ہے، آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، گزشتہ رات خراب موسم کے باعث آپریشن نہیں ہو سکا تھا۔
ترجمان کے مطابق کنٹرولڈ بلاسٹنگ کے ذریعے انجینئرز نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے، ہیوی مشینری، ریسکیو 1122، ایمبولینسز سمیت امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کی امدادی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔
آبادی سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کریں۔