اسرائیلی فوج کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ لبنان سے شمالی اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرون سے حملے کئے گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل پر لبنان سے میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں البتہ کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ان حملوں کے بارے میں حزب اللہ کی جانب کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ اسرائیل کے شمالی حصوں میں سائرن بجا دیئے گئے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے ایران کے اسرائیل سے بدلے کی دھمکی سے پیچھے ہٹنے کی امید ظاہر کر دی ہے۔
روئٹرز کے مطابق صحافیوں نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ کیا ایران اسرائیل سے بدلہ لینے کے اپنے اعلان سے پیچھے ہٹ سکتا ہے؟ جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ امید ہے کہ ایران بدلہ لینے کی دھمکی کے باوجود پیچھے ہٹ جائے گا۔
غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ جارحیت اب مشرق وسطیٰ میں ایک وسیع جنگ میں تبدیل ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، جو بائیڈن کی امید اسی تناظر میں ہے۔
روئٹرز کے مطابق جب بائیڈن سے پوچھا گیا کہ کیا ایران پیچھے ہٹ جائے گا، تو امریکی صدر نے کہا ”مجھے نہیں پتا، لیکن مجھے امید ہے۔“
اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزینوں پر بم برسا دیئے، 40 فلسطینی شہید
واضح رہے کہ علاقائی کشیدگی سے بچنے کے لیے امریکا، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور مصر کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔