بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے یہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کپتان روہت شرما اور ان کی اہلیہ ریتیکا کے یہاں یہ دوسری اولاد کی پیدائش ہے، اس سے قبل اس جوڑی کی ایک 6 سالہ بیٹی سمیرا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا نہ جانے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ روہت شرما کے یہاں گزشتہ روز بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، اپنے بچے کی پیدائش کی وجہ سے وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا روانہ نہیں ہوسکے تھے لیکن بیٹے کی پیدائش کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اب آسٹریلیا جاسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز سے پہلے اس کے پوسٹر نے سوشل میڈیا صارفین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی تھی جس میں کپتان روہت شرما کی جگہ ویرات کوہلی کی تصویر لگائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان رواں ماہ 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی کھیلی جائے گی، پہلا ٹیسٹ میچ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا، بھارت کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں براہ راست رسائی کے لیے اس سیریز کو جیتنا لازمی ہے۔