ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے بعد فاتح بھارتی کپتان روہت شرما نے بارباڈوس کی پچ کی مٹھی کھائی تھی جس کی وجہ انہوں نے بتا دی۔
ویسٹ انڈیز بارباڈوس میں گزشتہ ہفتے کے روز بھارت نے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے شکست دے کر 17 سال بعد دوسری بار اس فارمیٹ کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس شاندار فتح پر جہاں پوری بھارتی ٹیم میدان میں جشن منا رہی تھی وہیں کپتان روہت شرما نے پچ پر پہنچ کر چٹکی سے مٹی اٹھائی اور اپنے منہ میں رکھ لی جس کی ویڈیو آئی سی سی نے بھی اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ سے شیئر کی جو بعد ازاں وائرل بھی ہوگئی۔
اب بھارتی کپتان نے اس تاریخ لمحے پر اپنے اس عمل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جو بتائی اس میں ان کا کہنا تھا کہ اس پچ نے مجھے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے میں مدد کی اور میں اس کا ایک ٹکڑا اپنے ساتھ رکھنا چاہتا تھا۔
روہت شرما نے کہا کہ ان کا یہ عمل اسکرپٹڈ نہیں تھا بس اچانک ہوگیا، میں جب پچ پر گیا تو اس لمحے کو محسوس کر رہا تھا جب ہم چیمپئن بنے اور اس لمحے کے ساتھ پچ اور گراؤنڈ کو ہمیشہ یاد رکھنے کے لیے میں نے مٹی کو اپنے جسم کا حصہ بنا لیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ لمحات بہت خاص تھے، یہ وہ جگہ تھی جہاں ہمارے سارے خواب پورے ہوئے، میں وہاں سے اپنے ساتھ کچھ لے کر جانا چاہتا تھا، اسی وجہ سے میں نے اس پچ کو چکھا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نواک جوکووچ نے ومبلڈن میں کامیابی پر سینٹر کورٹ کی گھاس کھائی تھی اور سوشل میڈیا پر صارفین روہت شرما کے عمل کو ٹینس اسٹار کی حرکت سے تشبیہہ دے رہے تھے۔
روہت شرما کا انوکھا جشن، ایسا آج تک کسی چیمپئن کپتان نے نہیں منایا، وائرل ویڈیو